ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکا عمل مزید آسان کیا جائے:آئی جی
لاہور( نامہ نگار)آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے گزشتہ روزشہید احمد مبین پولیس لائنز مناواں کا دورہ۔کیا اور ٹریفک وارڈنز کے دربار سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز فیلڈ میں پنجاب پولیس کا حقیقی چہرہ ہیں۔شہریوں کی سہولت کےلئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکا عمل مزید آسان کیا جائے۔محکمانہ ترقی کےلئے 15 اپریل کو اے لسٹ جبکہ 23 اپریل کو بی لسٹ کا امتحان ہو گا ۔ رواں ہفتے 75 لاکھ کے انعامات دئیے جائیں گے۔ گمشدہ بچوں کو والدین سے ملانے کیلئے تیار کردہ ایپ خصوصی کردار ادا کرےگی۔وارڈنز کی محکمانہ ترقی کا عمل تیز کرنے کےلئے سینئر وارڈنز کی سیٹوں میں اضافے کی سمری حکومت نے منظور کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ٹریفک پولیس کے شہداءکے بچوں سے ملاقات کی اور افسران کو بہترین ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایات دیں۔ آئی جی پنجاب نے دربار میں بہترین کارکردگی کے حامل وارڈنز کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد دیں۔آئی جی پنجاب مناواں سنٹر میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کےلئے آئے شہریوں سے بھی ملے اور دستیاب سہولیات بارے دریافت کیا۔