سیاست کو تجارت بنانےوالے عدلیہ پر انگلی اٹھارہے ہیں :خرم نواز گنڈاپور
لاہور( خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیاست کو تجارت بنانے والے عدلیہ پر انگلی اٹھارہے ہیں اور پارلیمنٹ کوعدلیہ کے خلاف صف آراءکررہے ہیں جو جماعتیں آج حکومت میں ہیں ان کا ماضی گواہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ فوج اور کبھی عدلیہ کو ٹارگٹ کر کے کمزور کرنے کی کوشش کی۔ اس وقت ریاست کو مافیاز سے خطرہ ہے۔ 22کروڑ عوام کی گردنیں مافیا کے شکنجے میں ہیں۔ ایک طرف پاکستان تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے گزررہا ہے اور عوام مہنگائی کی وجہ سے کراہ رہے ہیں مگر حکمرانوں کی ساری توجہ آئینی ادارے عدلیہ کو قابو کرنے پر مرکوز ہے۔ سزا یافتہ عدالتی مفرور کس حیثیت میں عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے اور پابندی کے باوجود پیمرا خاموش کیوں ہے؟۔سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے عوام اور وکلاءکو خبردار رہنا ہو گا۔ وزیراعظم اور وزراءکی طرف سے جو بیانات آرہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات ماننے کیلئے تیار نہیں ہے۔