• news

پاکستانی نوجوان کی 16 ماہ بعد بھارتی جیل سے رہا ہوکر وطن واپسی 


لاہور (این این آئی) پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں سے غلطی سے پاک بھارت سرحد عبور کرنے والا پاکستانی نوجوان 16ماہ بعد بھارتی جیل سے رہا ہوکر واپس وطن پہنچ گیا۔ ذوالقرنین ظفر نامی نوجوان کا تعلق پنجاب کے شہر منڈی بہاﺅالدین سے ہے جو نومبر 2021ءمیں نارووال کے علاقے سے غلطی سے سرحد عبور کرکے ہندوستان کی حدود میں چلا گیا تھا۔ نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانہ نوجوان کی رہائی کے لیے سرگرم عمل تھا۔ بھارتی وزارت داخلہ سے مسلسل رابطے کے بعد بالآخر اس نوجوان کو رہائی مل گئی۔ بھارتی حکام نے واہگہ بارڈر پر ذوالقرنین کو پاکستان رینجرز پنجاب کے حوالے کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن کی طرف سے نوجوان کو سفری دستاویزات مہیا کی گئی تھیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس وقت پاکستانی جیلوں میں 705بھارتی قیدی ہیں جن میں 51عام شہری اور 654ماہی گیر شامل ہیں جبکہ بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد 434تھی جن میں 339عام شہری اور 95ماہی گیر شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن