حکومت انتخابات سے بھاگ رہی ، الیکشن التوا کیلئے سکیورٹی فورسز کو استعمال کرنا چاہتی ہے : عمران
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بلا کر انتخابات کے التوا کیلئے سکیورٹی فورسز کو استعمال کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسا کوئی بھی قدم مسلح افواج کو عدلیہ اور قوم کے خلاف براہ راست کھڑا کردے گا۔ عمران خان نے کہا کہ آج عدلیہ کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد پاس کی گئی اور ایک غیر آئینی بل پیش کیا گیا، یہ سب واضح کرتا ہے کہ پی ڈی ایم انتخابات سے بھاگنے کیلئے کوئی بھی راستہ اختیار کرسکتی ہے۔ عمران خان نے افطاری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک عظمت کا راستہ اور دوسرا تباہی کا، اللہ سے ہم نعمتوں کا راستہ مانگتے ہیں لیکن جاتے تباہی کی طرف ہیں۔ دوبارہ مواقع ملا تو پہلے سے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ عمران خان نے علی امین گنڈا پور کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پی ڈی ایم اور اس کے سرپرست تحریک انصاف کے کارکنوں اور قائدین کے تعاقب کے یک نکاتی ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ضمانتوں کے باوجود علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرنے کا فیصلہ پہلے ہی سے کیا گیا تھا مگر اس سب کے باوجود انہیں انتخابات میں شکست فاش کی دھول چٹائیں گے۔ عمران خان سے چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی۔ ٹکٹوں کی تقسیم پر مشاورت اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ عوام نے امپورٹڈ حکمرانوں کو دن میں تارے دکھا دیئے ہیں۔ نااہل حکومت جتنا مرضی روئے الیکشن ہر صورت ہوں گے۔ عدالتی فیصلے کیخلاف قرارداد لانے والوں کیخلاف نااہلی ریفرنس جمع کرا رہے ہیں۔ ہماری پارٹی اور عوام عدلیہ کے تحفظ کیلئے باہر آنے کو تیار رہے۔ عیدالفطر کے بعد انتخابی جلسوں سے خطاب کروں گا۔ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ غیر آئینی قراردادیں سپریم کورٹ کے حکم پر علمدرآمد نہیں روک سکتیں۔ الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرکے عقلمندی دکھائی۔ نواز شریف لندن بیٹھ کر بانی ایم کیو ایم کے نقش قدم پر چل پڑے۔ وہ بانی ایم کیو ایم کے انجام سے عبرت پکڑیں۔