سابق آرمی چیف کے اہلخانہ کا ڈیٹا لیک کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے: پی اے سی
اسلام آباد (نامہ نگار) پبلک اکائونٹس کمیٹی نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمرجاوید باجوہ کے اہلخانہ کے ڈیٹا لیکس معاملے کی خفیہ ایجنسیوں سے تحقیقات کرانے اور اس میں ملوث نادرا افسران کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کر دی۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی سربراہی میںگزشتہ روز ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر حکام کو ہدایت کی کہ سابق آرمی چیف کے اہلخانہ کا ڈیٹا لیک کرنے والے نادرا افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ذمہ داروں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ اس معاملہ کی تحقیقات خفیہ ایجنسیوں سے کرائی جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر اس ملک میں سابق آرمی چیف کا ڈیٹا محفوظ نہیں ہے تو عام آدمی کا کیا ہوگا؟۔