پاکستانی مچھیرے کے بیٹے نے ورلڈ سکالر کپ میں 7 میڈلز جیت لئے
لاہور (کلچرل رپورٹر) کراچی کے علاقے کیماڑی سے تعلق رکھنے والے ایک مچھیرے کے بیٹے نے بڑا اعزاز اپنے نام کرکے پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر دیا۔ 14 سالہ امیر حمزہ پنجری نے ورلڈ سکالر کپ میں 7 انٹرنیشنل میڈل اپنے نام کئے۔ امیر حمزہ نے تحریری اور تقریری مقابلے میں 4 سونے اور 3 چاندی کے تمغے جیتے۔ ورلڈ سکالر کپ کا انعقاد آذر بائیجان میں کیا گیا تھا اور یہ ایک انٹرنیشنل تعلیمی ٹیم پروگرام ہے جس میں ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں بچے حصہ لیتے ہیں۔ امیر حمزہ کا کہنا ہے کہ آج میں اس مقام پر اپنے والدین اور محنت کے باعث پہنچا ہوں۔ میں پہلی مرتبہ اکیلے بیرون ملک سفر کرنے کیلئے تیار نہیں تھا‘ لیکن میرے والد نے مجھے راضی کیا۔ خیال رہے کہ امیر حمزہ کے والد پیشے کے اعتبار سے مچھلی کا کام کرتے ہیں۔