ناروے کے سفیر کی ملاقات، تجارت، دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت: پرویز الٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے ناروے کے سفیر پَر البرٹ الساس (Mr. Per Albert ILSAAS) نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلق، تجارت سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ناروے کے وزیراعظم اور اوسلو کے میئر کیلئے بڑی اہمیت کے حامل ہیں، میری دعوت پر دو مرتبہ ناروے کے وزیراعظم اور اوسلو کے میئر پاکستان آئے، ناروے اور پاکستان کے درمیان تجارت اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منڈی بہائو الدین اور گجرات کے بہت سے لوگ ناروے میں مقیم ہیں اور ناروے کی ترقی میں اوورسیز پاکستانی اپنا اہم رول ادا کرر ہے ہیں۔ نارویجن سفیر پَر البرٹ الساس نے کہا کہ ناروے پاکستان میں جمہوری عمل کو سپورٹ کرتا ہے، آئین کی پابندی کو مقدم رکھیں، الیکشن فری اینڈ فیئر ہونے چاہئیں، پاکستان میں جمہوری عمل کا پروان چڑھنا اقتصادی اور معاشی صورتحال کیلئے اہم ہے، اداروں کو مضبوط کرنا ہی جمہوریت کا حسن ہے۔