• news

شی جن پنگ یوکرائن‘ روس جنگ روکنے میں مدد کریں: فرانسیسی صدر

بیجنگ (نیٹ نیوز) ایمانوئیل میکرون نے یوکرائن‘ روس جنگ کے خاتمے کیلئے شی جن پنگ سے مدد مانگ لی، تنازع کے حل کیلئے چین کے کردار پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔چین کے تین روزہ دورے کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں فرانسیسی صدر میکرون نے چینی صدر شی جن پنگ سے کہا وہ اپنے قریبی اتحادی روسی صدر پیوٹن کو یوکرائن جنگ کے خاتمے اور قیام امن کیلئے راضی کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، روسی اقدام سے بین الاقوامی استحکام داؤ پر لگ گیا ہے، مجھے آپ پر پورا اعتماد ہے آپ روس سمیت سب کو  مذاکرات کے ٹیبل پر واپس لا سکتے ہیں۔بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر میکرون نے  مغربی ممالک پر زور دیا یورپ کو کچھ عناصر کی مغرب اور چین کے درمیان ناگزیر تنازعات کی باتوں کو رد کرتے ہوئے چین سے کاروباری اور سفارتی تعلقات توڑنے کے خلاف مزاحمت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مغرب کو لازمی طور پر عالمی طاقتوں کو بلاکس میں تقسیم کرنے کی طاقت رکھنے والے یوکرین، روس تنازعے کے حل کیلئے چین کی مدد لینی چاہیے۔اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا تمام ممالک کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے اجتناب کے اپنے وعدوں پر کاربند رہنا چاہیے، انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے روس یوکرائن‘ تنازعے میں تیزی آئے اور معاملے کا حل ہاتھوں سے نکل جائے۔فرانسیسی صدر کے تین روزہ سرکاری دورہ چین میں دونوں ملکوں کے درمیان جوہری اور قابل تجدید توانائی میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن