ایک ساتھ انتخابات لازمی ہیں تو باقی اسمبلیاں توڑ دیں، شوکت یوسفزئی
اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اگر ایک ساتھ انتخابات لازمی ہیں تو باقی اسمبلیاں توڑ دیں۔سپیکر خیبر پی کے اسمبلی مشتاق غنی کے ہمراہ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہاکہ اگر ایک ساتھ انتخابات لازمی ہیں تو باقی اسمبلیاں توڑ دیں، جیسے ہی کوئی اسمبلی ٹوٹتی ہے تو اس کے الیکشن ہوتے ہیں، یہ الیکشن کے لیے خوفزدہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ، ان سے آٹا تقسیم نہیں ہو رہا،آٹے کی لائن لگتی ہے تو دہشتگردی نہیں ہوتی الیکشن کی بات کریں تو دہشتگردی ہوتی ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہاکہ آٹے کی سبسڈی اور لیپ ٹاپ سکیم کے لیے پیسے ہیں الیکشن کے لیے پیسے نہیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہاکہ جو لوگ آئین کی بالادستی کا کہتے تھے وہ کیوں آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں،پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے فیصلے کے ساتھ ہے، اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہ ہوا تو نیا لائحہ عمل کے کر آئیں گے۔مشتاق غنی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گورنر کے پی نے پہلے 28 مئی کی تاریخ دی پھر آٹھ اکتوبر کردی،ہم نے آئین ق قانون کی بہت کتابیں چھان ماریں تاہم ایسا کوئی اختیار نہیں ملا۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم اور کابینہ توہین عدالت کے مرتکب ہو کر نااہلی کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی خود ایک ریفرنس لے کر آئے گی اور توہین عدالت والوں کے خلاف کارروائی کرائے گی۔انہوںنے کہاکہ آپ کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، اب سپریم کورٹ نے ووٹ کو عزت دی تو بھاگ رہے ہیں،اگر آپ کو ووٹ ملتا ہے تو آپ حکومت بنائیں ہمیں ووٹ ملا تو ہم حکومت بنائیں گے۔انہوںنے کہاکہ پنجاب میں پی ڈی ایم کی منجی ٹھوکی اب خیبرپختونخوا میں بھی ان کی منجی ٹھوکیں گے۔