• news

خریف سیزن، پانی کا 27فیصد شارٹ فال، پنجاب، سندھ کو برداشت کرنا پڑے گا، ارسا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان ارسا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خریف سیزن کے ابتدائی دنوں میں صوبوں کو 27 فیصد پانی کے شارٹ فال کا سامنا رہے گا۔ شارٹ فال صوبہ سندھ اور پنجاب کو برداشت کرنا پڑے گا۔ ارسا ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں مکمل خریف سیزن کے لیے پانی کی دستیابی اور بہائو کے تخمینے لگائے گئے۔ ترجمان کے مطابق خریف سیزن میں ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ 1 کروڑ 13 لاکھ ایکڑ فٹ ہوگا۔ خریف سیزن میں آبپاشی کے لیے 7 کروڑ ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہو گا۔ بلوچستان اور کے پی کے کیلئے 36 لاکھ ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہو گا۔ پنجاب اور سندھ کو 5 کروڑ 90 لاکھ ایکڑ فٹ پانی فراہم کیا جائے گا۔ ترجمان ارسا کے مطابق خریف سیزن میں دریائوں میں پانی کی آمد 9 کروڑ 53 لاکھ ایکڑ فٹ ہونے کا امکان ہے۔ 1 کروڑ 39 لاکھ ایکڑ فٹ لاسز کی نذر ہونے کا خدشہ ہے۔ 72 لاکھ ایکڑ فٹ پانی سمندر برد ہونے کا امکان ہے۔ سسٹم لاسز کے جائزے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی۔ ممبر ارسا خیبر پی کیکمیٹی کے کنوینئر مقرر ہو گئے۔ کمیٹی پانی چوری اور لاسز کی رپورٹ اتھارٹی کو جمع کرائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن