گزشتہ مالی سال ملک میں تین ارب سے زائد نئے نوٹ آئے، افغانستان سٹیٹ بنک
کابل (این این ائی) دا افغانستان بینک (افغان سٹیٹ بینک) کے حکام نے کہا ہے کہ گذشتہ مالی سال (21مارچ 2022 تا 20 مارچ 2023) میں ملک میں تین ارب ایک سو چالیس ملین کے نئے بینک نوٹ آئے ہیں۔ دا افغانستان بینک کے عہدیداروں نے گزشتہ مالی سال میں اپنی سرگرمیوں اور حاصل کردہ اہداف کی رپورٹ میڈیا کے ساتھ شیئر کی۔ مانیٹری پالیسی کے سربراہ صداد نے کہا گزشتہ مالی سال امریکی ڈالر کے مقابلے افغان کرنسی کی قدر میں 1.01 فیصد اضافہ ہوا۔ پریس کانفرنس میں بینک کی مانیٹری پالیسی کے سربراہ احمد جواد صداد نے بینک کے اہداف، اہم فرائض اور مرکزی بینک کی کامیاب پالیسیوں کے کامیاب نفاذ کے بارے میں معلومات پیش کیں اور کہا کہ دا افغانستان بینک گزشتہ مالی سال میں افغانی کو غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے میں بہتر طریقے سے محفوظ رکھنے کے لیے افغانی کی مالیت میں اضافہ کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ صداد نے مزید کہا کہ گزشتہ مالی سال میں امریکی ڈالر کے مقابلے افغان کرنسی کی قدر میں 1.01 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ اس سے قبل والے سال میں امریکی ڈالر کے مقابلے "افغانی" کی قدر میں 13.86 فیصد کمی ہوئی تھی۔