وقت کم ون ڈے ورلڈکپ کیلئے تجربہ کرنے کا وقت نہیں : ہارون رشید
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ2024ءمیں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے ہمارے پاس وقت ہے اس لیے ہم مختلف تجربات کریں گے لیکن ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے ہمارے پاس تجربہ کرنے کا وقت نہیں ہے۔ 5ون ڈے ہم نے نیوزی لینڈ کےخلاف کھیلنے ہیں پھر 3ون ڈے میچز افغانستان کےخلاف ہیں اور اس کے بعد ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ ہے۔اس لیے ون ڈے ورلڈ کپ کےلئے ہمیں بیس بائیس کھلاڑیوں کے ارد گرد رہنا پڑےگا، ہمارے کھلاڑی ون ڈے کرکٹ کم کھیلتے ہیں، پی سی بی کو ون ڈے کرکٹ کو بڑھانے کا کہا ہے۔ ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کےساتھ پی ایس ایل بھی ہے جبکہ صرف ایک ون ڈے کپ ہوتا ہے، ون ڈے کرکٹ کے حوالے سے ہمیں سوچنے کی ضرورت ہے، بینچ سٹرینتھ کا بڑا نہ ہونا ہمارے لئے پریشان کن ہے، 20 سے 24 کھلاڑیوں کا پول ‘بیک اپ کھلاڑی بنانے میں وقت لگے گا، یہ صورتحال الارمنگ ہے، ہمیں کھلاڑی تیار کرنے ہیں، اس کےلئے انڈر 19 اور پاکستان شاہینز کے ٹورز زیادہ ہونے چاہئیں۔ جو کھلاڑی ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے وہ این سی اے میں ٹریننگ جاری رکھیں گے، اسی لیے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سکواڈز کا ایک ساتھ اعلان کیا ہے۔ ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاریوں کےساتھ ون ڈے کے پلیئرز این سی اے میں ٹریننگ کرتے رہیں گے، ہمارا فرسٹ کلاس سیزن ستمبر میں شروع ہوتا ہے، اس سے قبل کھلاڑیوں کےلئے مواقع پیدا کریں گے۔