مہنگائی ، 44.5 فیصد پر پہنچ گئی ، آٹے ، چینی ، مرغی ، دودھ سمیت 27 اشیاءکی قیمت بڑھی : ادارہ شماریات
لاہور اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) گذشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.92 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے باعث ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی مجموعی شرح 44.49 فیصد تک پہنچ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق چھ اپریل 2023 کو ختم ہونے والے حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں 27 اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 7 اشیاءکی قیمتوں میں کمی اور 17 کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔ گذشتہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.92فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلا 81 روپے 66 پیسے مہنگا ہوا، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 717 روپے سے بڑھ گئی۔ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 51 روپے 83 پیسے اضافہ ہوا۔ آلو کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 99 پیسے اضافہ ہوا، ہفتے کے دوران کیلے فی درجن 11 روپے 52 پیسے مہنگے ہوئے، ایک ہفتے میں مٹن 2 روپے 73 پیسے اور بیف 5 روپے 15 پیسے مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں دال، چاول سمیت دودھ، دہی، انڈے بھی مہنگے ہوئے۔ پیاز کی قیمت میں 14 روپے، ٹماٹر کی قیمت میں 13 روپے کمی ہوئی۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 122 روپے 58 پیسے سستا ہوا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.92 فیصد کا اضافہ ہوا اور ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی مجموعی شرح 44.49 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں دال، چاول سمیت دودھ، دہی، انڈے بھی مہنگے ہوئے۔ حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 40.43فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 43.42فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 43.85فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 44.22فیصد رہی۔ جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 46.47 فیصد رہی ہے۔
ادارہ شماریات