ہسپتال کی تعمیر و مرمت ، توسیع کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں : محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ صحت کی کارکردگی اور خصوصی اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے پنجاب کے ہسپتالوں کی تعمیرومرمت اور توسیع کے پراجیکٹ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیا اور ڈرپ اینڈ شفٹ کے ذریعے دل کے مریضوں کے بروقت علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی اور ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کیلئے مانیٹرنگ روم قائم کیا جائے گا۔ دوران ملازمت انتقال کرنے والے ڈاکٹروں کے لواحقین کو مالی امداد دینے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اور ہیلتھ پروفیشنل الاو¿نس میں اضافے کی تجویز پر غورکیا گیا۔ پنجاب کی جیلوں میں 52700قیدیوں کی ہیلتھ سکریننگ کا عمل مکمل کر لیا ہے اور بیمار قیدیوں کے علاج کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ محسن نقوی نے ہر تین ماہ کے بعد سکریننگ کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حاملہ ماو¿ں کی ہسپتالوں میں منتقلی کیلئے مزید 200 ایمبولینسز مہیا کی جائیں گی۔ مریضوں کو محفوظ خون کی فراہمی کیلئے”سیف بلڈ فار پنجاب“ پراجیکٹ لایا جا رہا ہے۔ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں نجی اشتراک سے انجیوگرافی شروع کی جائے گی۔ میاں منشی ہسپتال لاہور میں الٹرا ساو¿نڈ اور سٹاف ایوننگ شفٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی زیر صدارت ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کے لئے فوری اور پائیدار اقدامات کی ہدایت کی۔ پنجاب کے منتخب بڑے روڈز پر ڈیجیٹل وزن کانٹے لگانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس ٹرانسپورٹ کے ڈیجیٹل وزن کی پالیسی وضع کرے گا۔ پنجاب ہائی وے پولیس مال بردار گاڑیوں میں مقررہ وزن کی چیکنگ کرے گی اور ڈیجیٹل کنڈوں کو پی آئی ٹی بی کی ایپ سے منسلک کردیا جائے گا۔ ہر مال بردار گاڑی کے وزن کا ڈیٹا متعلقہ ضلع کے ڈیش بورڈ تک پہنچ جائے گا۔ کرشنگ پلانٹ، غلہ منڈیوں، سیمنٹ، شوگر اور فرٹیلائز فیکٹریوں اور دیگر انڈسٹریز کے ویٹ مشینوں کو پی آئی ٹی بی ایپ سے منسلک کیا جائے گا۔ انڈسٹری رولز 1996 اور موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترامیم لائی جائیں گی۔