• news

جعلی پرچوں ، قائدین کی گرفتاریوں سے پی ٹی آئی کو کچلنا لندن پلان کا حصہ : عمران 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جھوٹے پرچوں اور قائدین کی گرفتاریوں سے پی ٹی آئی کو کچلنا لندن پلان کا حصہ ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا آج قائم کئے گئے 144 ویں مقدمے کی صورت میں میرے خلاف بغاوت کے مقدمات کا اندراج اور ہمارے سینئر رہنما علی امین گنڈاپور پر جھوٹے پرچوں اور انکی گرفتاری کا سیدھا سادھا مقصد ہماری جماعت کی انتخابات میں حصہ لینے کی صلاحیت تباہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا یہ سب اسی لندن پلان کا حصہ ہے جس کے تحت نواز شریف کو ضمانت دی گئی کہ انتخابات سے قبل جعلی پرچوں کی بھرمار اور قائدین کی گرفتاریوں کے ذریعے تحریک انصاف کو کچل دیا جائے گا۔ عمران خان نے کہا اقتدار پر قابض ان خطرناک مسخروں کو تو احساس تک نہیں ملک کے سابق وزیراعظم کیخلاف جعلی مقدمات کے اندراج اور "ڈرٹی ہیری" اور "سائیکو پیتھ" کی اصطلاحات کے استعمال پر بغاوت کے الزامات کے ذریعے یہ عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو کس برے طریقے سے مسخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بلاشبہ یہ پاکستان کو دنیا بھر میں ایک مذاق بنا رہے ہیں۔ اسی طرح حکومت کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کو تسلیم نہ کر کے یہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کیا پیغام بھجوا رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہا سرمایہ کار معاہدوں کا تحفظ چاہتے ہیں جس کا واضح مطلب عدالتی نظام پر اعتماد ہے۔ ایسے میں جب حکومت خود سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑانے پر بضد ہو، سرمایہ کار ملک کے عدالتی نظام پر کیسے اعتماد کرسکتے ہیں!۔ ایک بنانا ریپبلک میں یہی سب کچھ ہوتا ہے۔ قبل ازیں عمران خان نے افطار کے موقع پر کارکنوں سے خطاب میں کہا ایک لیڈر میں دو خوبیاں ہوتی ہیں۔ ایک سچا انسان اور دوسرا انصاف کرنے والا۔ کوئی بھی لیڈر عزت نہیں کما سکتا جب تک وہ سچا نہ ہو اور انصاف کرنے والا نہ ہو۔ عمران خان نے کہا سچ بولنے کے لیے آپ کو دلیر ہونا پڑتا ہے، جھوٹ بولنے سے آپ دنیا کو کمزور کرتے ہیں، سچ بولنا آسان کام نہیں ہے۔ سچ بولنا آپ کو طاقتور کر دیتا ہے، اللہ تعالیٰ کو سچ بولنے والا انسان سب سے زیادہ پسند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن