نادرا کے ذریعے برتھ سر ٹیفکیٹ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے :نگران وزیربلدیات
لاہور(خبرنگار) نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مراد نے ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی اداروں کی طرف سے نادرا کے ذریعے برتھ سر ٹیفکیٹ کے اجراءکے انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے تمام دفاتر میں مالی امور میں شفافیت لانے کیلئے ای پیمنٹ سسٹم نافذ کیا جائے۔ وہ لوکل گورنمنٹ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بلدیاتی اداروں کی طرف سے فراہم کی جانے والی سروسز کے بارے میں شہریوں کی شکایات کے اندراج اور ان کے کم سے کم وقت میں ازالے کے لئے بلدیاتی اداروں میں کمپلینٹ مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم رائج کیا جائے۔اجلاس کے دوران مختلف بلدیاتی اداروں ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، پارکنگ کمپنی اور ڈی جی لوکل گورنمنٹ کو دئیے جانے والے ٹاسک کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ بلدیات نے 87 ٹاسک مکمل کر لئے ہیں۔