• news

 نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز ، ٹیم مینجمنٹ کا اعلان ، تربیتی کیمپ شروع 


لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز کیلئے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ ریحان الحق کو قومی ٹیم کا منیجر جبکہ گرانٹ بریڈ برن ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔عبدالرحمان معاون کوچ ‘ اینڈریو پیوٹک بیٹنگ کوچ اور عمر گل باﺅلنگ کوچ ہونگے۔ کلف ڈکن فزیوتھراپسٹ، ڈرکس سائمن سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کے فرائض نبھائیں گے۔غیر ملکی کوچز 11 اپریل کو لاہور پہنچ کر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ کوچنگ سٹاف کی تقرری صرف نیوزی لینڈ سیریز کیلئے کی گئی ہے۔نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز کی تیاری کیلئے قومی کرکٹرز کی مشقوں کا آغاز ہو گیا۔سیریز کا لاہور میں 14 اپریل کو شیڈول ٹی20 میچ سے آغاز ہوگا، رمضان المبارک کی وجہ سے سیشن کا آغاز رات 8 بجے کیا گیا، بیٹنگ، باﺅلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کی گئیں ۔ 10 اپریل کو انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ شیڈول ہے۔ٹریننگ سے قبل وینیو کی صفائی ستھرائی کا کام مکمل کرلیا گیا،اطراف میں سڑکوں کی بھی نگرانی ہورہی ہے، پریکٹس اور میچز پچز کی تیاری کرلی گئی،اطراف کے نیٹس میں ایک طرف فاسٹ اور دوسری جانب سپن پچز بنائی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ انٹرنیشنل اور پی ایس ایل میچز کی طرح اس بار بھی سکیورٹی معاملات میں رینجرز کی معاونت حاصل ہو گی۔کیوی ٹیم 10 اپریل کو لاہور پہنچے گی۔

ای پیپر-دی نیشن