محسن نقوی کی ہدایت پر ” میرا پیارا “ ایپ کا ریکارڈ منیجمنٹ سسٹم تیار
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبہ بھر میں ایسٹر پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا حکم دیا ہے۔ محسن نقوی نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کو ایسٹر کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرجاگھروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور پولیس نفری میں مزید اضافہ کیا جائے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیروترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور ہم ایسٹر پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ”میرا پیارا“ ایپ پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا۔ محسن نقوی کی ہدایت پر میرا پیارا ایپ کیلئے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم تیار کر لیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے ”میرا پیارا“ ایپ کو فوری طورپر لانچ کرنے کیئے اقدامات کا حکم دیا اورہدایت کی کہ ”میرا پیارا“ ایپ کو فول پروف اور ممکنہ حد تک مستند بنایا جائے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ”میرا پیارا“ ایپ پر سپیشل بچے یا فرد کو بھی گمشدگی کے خدشے کے پیش نظر رجسٹرڈ کیا جا سکے گا۔ ”میرا پیارا“ ایپ پر گمشدہ اور بازیاب بچے یا فرد کی رپورٹ بھی کی جا سکے گی اور گمشدہ اور بازیاب بچوں کی تلاش ممکن ہو سکے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں 2629 گمشدہ بچے رجسٹرڈ ہیں جبکہ 259 بچے بازیاب ہو چکے ہیں اور 25 گمشدہ بچوں کو کامیابی کے ساتھ خاندان سے مار دیا گیا ہے۔ ”میرا پیارا“ ایپ پر شہری بھی بچے کی گمشدگی کی رپورٹ کر سکیں گے۔ دوسری جانب محسن نقوی نے راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں پولیس اہلکاروںکی فائرنگ سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔