بلوچستان میں دہشت گردوں کو پیسہ دو ، کام لو ، بھارت کا مکروہ کردار پھر سامنے
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں بھارت کا مسخ کردار سامنے آیا ہے۔ بھارتی سیاسی اور عسکری قیادت نے اس بات کا بے شرمی کے ساتھ اعتراف کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کاوشوں سے گرفتار ہونے والے گلزار امام عرف شمبے کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے پس پشت بھارتی ہاتھ نکلا ہے۔ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر شری اجیت کمار دوول نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا دشمن ہے، دنیا کے سامنے دہشت گردی کو پاکستان میں عام کرنے کیلئے مالی مدد کا انکار کیا جائے لیکن پسِ پردہ انہیں پہلے سے بھی زیادہ مالی امداد فراہم کی جائے۔ شری اجیت کمار دوول نے یہ بھی کہا ہے کہ دہشت گردوں کو پیسہ دو اور ان سے کام لو، کیونکہ دہشت گرد کرائے کے قاتل ہیں۔ سابق بھارتی چیف آف آرمی سٹاف جنرل بکرم سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہی عوام کو پیسے کے زور پر استعمال کر کے اپنی بنائی ہوئی پالیسیوں سے بلوچستان میں قتل و غارت کا بازار گرم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی مکمل سیاسی، معاشی، سفارتی، نفسیاتی، انٹیلی جنس غرض ہر سطح پر پاکستان کی مرکزی طاقت یعنی اس کے عوام کو استعمال کر کے ان کی حکومت پر زور ڈالنا ہے۔ جنرل بکرم سنگھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی علیحدگی پسند تنظیموں اور تحریکوں خصوصاََ بلوچستان میں تیل چھڑکنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستانی فوج کی توجہ ان تحریکوں اور ان کے تدارک میں صرف ہوگی نہ کہ کشمیر اور بھارت کی طرف دیکھے گی اور اس کے لیے وہاں خون بہانا ضروری ہو گا اور یہی ہماری سٹریٹیجی ہے۔ اس حوالے سے سابق امریکی سیکرٹری دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ بھارت ہمیشہ سے افغانستان کو پاکستان کیلئے دوسرے محاذ کے طور پر استعمال کرتا ہے۔
بھارتی دہشتگردی بلوچستان