بزدل آدمی لیڈر نہیں نواز شریف بنتا ہے ، چور ٹولہ سہولت کاروں نے بٹھایا : عمران
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان نے زمان پارک میں افطاری پر کارکنوں سے خطاب کرتے کہا ہے کہ میں مذہبی سکالر نہیں ہوں۔ میں نے سب کچھ اپنی زندگی سے سیکھا۔ اللہ کے نبی نے انصاف دیکر معاشرے میں سب کو برابر کیا۔ آزاد ملک، آزاد لوگ آزادی کیلئے کھڑے ہوتے ہیں۔ غلام لوگ آزادی کی جنگ نہیں لڑتے۔ افغانستان کو تین سپر پاور فتح نہ کر سکیں۔ بھارت والے پہلے ہی غلام تھے‘ وہ نہیں لڑتے تھے۔ ہم پاکستان میں حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جرگہ میں طاقتور کو کمزور کے سامنے بٹھا کر انصاف کیا جاتا تھا۔ ہماری آزادی کی جنگ ہے جس کیلئے ساری قوم کو تیار ہونا ہے۔ ہم خوف کی وجہ سے اپنی صلاحیتوں کو نہیں آزماتے۔ جو لیڈر ہوتا ہے‘ وہ خوفزدہ نہیں ہوتا۔ بزدل آدمی لیڈر نہیں بنتا۔ نواز شریف بن جاتا ہے۔ غیرت مند انسان کی معاشرے میں عزت بڑھ جاتی ہے۔ بے غیرت آدمی اربوں پتی بھی ہو عزت نہیں ہوتی۔ چوروںکے ٹولے کو سہولت کاروں نے ہمارے اوپر بٹھایا یہ بتانے کیلئے علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر لیا کہ ہم غلام ہیں۔ لیڈر سچا اور ایماندار ہوتا ہے۔ جنگ بدر میں تین سو تیرہ سپاہی تھے۔ 11 سال بعد خالد بن ولید کی لیڈرشپ کے سامنے رومن فوج نے گھٹنے ٹیک دیئے۔ 12 ویں سال میں دوسری سپر پاور کو قدسیہ میں مسلمانوں نے شکست دی۔ لاالہ الااللہ کی طاقت ہے کہ دو سپر پاور ز نے گھٹنے ٹیک دیئے۔ عربوں کو اللہ کے نبی نے آزادی دی۔ انصاف دیکر معاشرے میں سب کو برابر کیا۔
عمران