بانی بی این اے کی گرفتاری سے عسکریت پسندی کچلنے میں مدد ملے گی : شہباز شریف ، آئی ایس آئی کو مبارکباد
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ملاقات کی۔ لاہور مےں ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے لئے جمع کی جانےوالی امدادی رقم کا چیک وزیراعظم کو پیش کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بی این اے کے بانی کی گرفتاری کے شاندار آپریشن پر آئی ایس آئی کو مبارکباد دی ہے۔ ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ آپریشن ہمارے اداروں کی اعلی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاری بلوچستان میں عسکریت پسندی کو کچلنے میں مدد ملے گی اور امن کے نئے دور کی آئینہ دار ہوگی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ ایلئسٹر لیمب کے انتقال سے تنازعہ کشمیر کے آغاز کے حوالے تحقیقی سرگرمیوں کے ایک عہد کاخاتمہ ہواہے۔ ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ قابل احترام سفارتی تاریخ دان ومحقق ایلئسٹر لیمب کے گزشتہ ماہ انتقال سے تنازعہ کشمیر کے آغاز کے حوالے تحقیقی سرگرمیوں کے ایک عہد کاخاتمہ ہواہے۔ وزیراعظم نے کہاہے کہ ایلئسٹر لیمب نے اپنی تحقیقی کتب میں ہمیشہ بھارتی جھوٹ اورپراپیگنڈہ کو بے نقاب کیاہے۔ وزیراعظم نے آنجہانی ایلئسٹر لیمب کیلئے ابدی سکون کی دعا بھی کی ۔