کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد گرفتار‘ دھماکہ خیز مواد برآمد
لاہور (نامہ نگار) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) پنجاب نے لاہور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے8 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیاہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے خفیہ اطلاعات پر صوبے کے مختلف اضلاع میں 21 آپریشنزکیے۔جس میں 21 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ،دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔گرفتار دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان کے ارکان اختر نواز، فواد اللہ، فقیر محمد، آصف نواز، ضیاء الرحمان اور عتیق احمد جبکہ کالعدم تنظیم داعش کے ارکان محمد عثمان اور بشیر شامل ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ گرفتار دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ وہ اہم تنصیبات اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ اور دہشتگردانہ کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔ ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سیکورٹی اداروں کی مدد سے 402 کومبنگ آپریشنز کے دوران 22921 افراد کو چیک کیا گیا۔ جن میں سے 118 مشتبہ افراد کو گرفتاراور 89 ایف آئی آر درج کی کی گئی ہیں۔