• news

پاکستان میں کرونا کے 47،بھارت میں 6ہزار نئے مریض

اسلام آباد (خبر نگار+ اے پی پی) قومی ادارہ صحت این آئی ایچ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3ہزار879 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 47 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، اس طرح مثبت کیسز کی شرح1.21 فیصد رہی اور اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 14 کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں 24 گھنٹوں کے دوران کئے گئے کرونا ٹیسٹ اور مثبت کیسز کے حوالے سے لاہور میں 462 افراد میں سے 15 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں پر مثبت کیسز کی شرح 3.25 فیصد رہی،اسی طرح اسلام آباد میں 415 ٹیسٹوں میں سے9 مریضوں کا ٹیسٹ مثبت آیا اور شرح 2.17 فیصد رہی اور ملتان میں 109 ٹیسٹوں میں سے 2 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں  پر شرح 1.83 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ بھارت آج (ہفتہ) کرونا وبا کے  6ہزار 1سو 55نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 31ہزار 1سو94 ہوگئی۔ 11لوگ ہلاک ہوئے ہیں جس سے مرنے والوں کی کل تعداد 5 لاکھ 30ہزار 9سو 54ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن