• news

مرکزی مسلم لیگ لاہور: صوبائی حلقوں سے 30امیدوار میدان میں اتار دئیے 


لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ ہم خدمت کی سیاست کو لیکر میدان میں اترے ہیں۔ صحت، تعلیم اور انصاف کے شعبے میں کام کرکے ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالا جاسکتا ہے ،اس وقت پورے ملک میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام الناس کیلئے سحری و افطاری کے دسترخوان لگا رہی ہے، جس کا مقصد عوام کی خدمت کرکے اللہ کی رضا کو تلاش کرنا ہے، ہم ملکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے خود انحصاری کی پالیسی اپنائیں گے۔ ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور اس کی بنیاد پر ملک و قوم کو ترقی پر گامزن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دعوتِ افطار کی تقریب میں شرکاءاور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجس میں پاکستان مرکزی مسلم کے لاہور کے نامزد امیدواران برائے ایم این ایز اور ایم پی ایز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد اعظم ،پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری انجینئر حارث ڈار سمیت دیگر نے خطاب کیا ۔ اس تقریب کے موقع پر صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے صوبائی الیکشن شیڈول کے مطابق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے لاہور کے 30 امیدواران برائے صوبائی اسمبلی کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے۔

ای پیپر-دی نیشن