دہشت گردوں کیساتھ سہولت کاروں کو بھی پکڑ اجائے : آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں پنجاب پولیس کا ہراول دستہ ہے۔موثر اور بروقت کارروائیوں کی بدولت متعدد خطرناک دہشت گردوں کو پابند سلاسل کیا گیا۔ دہشت گردوں کیساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کرکے انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز پنجاب کے دورے کے موقع پر منعقدہ دربار میں سی ٹی ڈی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے تاکید کی کہ سی ٹی ڈی ٹیموں کو جدید وسائل اور سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آئیگی۔ آپ نے سال رواں میں 300 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 70 دہشت گردوں کو گرفتار کیا، وہ قابل ستائش ہے۔ ۔ آئی جی پنجاب نے جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اور چوہنگ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو جوانوں کی عیادت کی۔آئی جی پنجاب نے زخمی اہلکار کا ماتھا چوما اور عیادت کے دوران بھرپور حوصلہ افزائی کی۔