• news

مسیحی برادری نے ایسٹر منایا: اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے پر عزم: شہباز شریف


 لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ اے پی پی+خبر نگار خصوصی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار منایا۔ ایسٹر مسیحی برادری کا دوسرا بڑا تہوار ہے۔ اسے موت پر زندگی کی فتح سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ویٹی کن سٹی میں پوپ فرانسس نے دعا کرائی اور شمعیں روشن کی گئیں۔ پاکستان میں بھی گرجا گھروں میں ایسٹر عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ ملک کی سلامتی اور خوشحالی کی دعائیں بھی کی گئیں۔ اس ضمن میں کراچی کے چرچز میں مڈنائٹ سروسز کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی مسیحی برادری، خاص طور پر یہ دن منانے والے ہمارے پاکستانی مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ آئیے ہم سب دنیا کو ایک پرامن جگہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہدکریں جہاں تمام کمیونیٹیز ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں اور جہاں آنے والا کل مزید بہتر بنانے کی امید ہو۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی بھائیوں اور بہنوں اور ان کے اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے، ہم اپنے مسیحی بھائیوں کے ساتھ ایک قدر مشترکہ رکھتے ہیں جس کی بنیاد نبی حضرت عیسی (علیہ السلام) کے لیے ہماری باہمی محبت اور تعظیم ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دنیا بھر کی مسیحی برادری‘ خاص طورپر پاکستانی مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں اتحاد اور مذہب کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے ہمیں ضبط و تحمل‘ بھائی چارے اور انسانیت کے ساتھ محبت کا درس دیا ہے۔ ان کی تعلیمات کو اپنا کر ہی معاشرے میں امن اور اتفاق قائم کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسیحی برادری نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا بلکہ وہ ملکی ترقی میں بھی ہاتھ بٹھا رہی ہے۔ حکومت ملک میں تمام اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ان کے جان و مال کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔
ایسٹر

ای پیپر-دی نیشن