توشہ خانہ سمیت 10 کیسز کی تفتیش عمران کی طلبی کے نوٹس جاری
اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ کے اندراج کے معاملے پر عدالت نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سابق وزیراعظم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے (کل) منگل کی صبح ساڑھے 8 بجے عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ سی ٹی ڈی نے عمران خان کو مختلف مقدمات میں تفتیش کیلئے طلب کر لیا۔ عمران خان کو دہشت گردی مقدمات میں شامل تفتیش ہوے کیلئے سمن جاری کر دیئے گئے۔ سی ٹی ڈی اسلام آباد نے مقدمات میں طلبی کے سمن جاری کر دیئے۔ جوڈیشل کمپلیکس ہائیکورٹ ہنگامہ آرائی کیس میں عمران خان 11 اور 12 اپریل کو طلب کئے گئے ہیں۔ ایکسپریس وے پر احتجاج میں پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کے مقدمات میں 12 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔ تھانہ بارہ کہو‘ تھانہ رمنا‘ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمات میں 11 اور 12 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔ دہشت گردی مقدمات میں تفتیش افسروں نے طلبی کے سمن جاری کئے۔ تمام مقدمات میں عمران خان کو زمان پارک لاہور کے پتے پر طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ عمران خان کو دو مقدمات میں 11 اور سات مقدمات میں 12 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔ عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماﺅں پر دہشت گردی سمیت سنگین دفعات شامل ہیں۔ سمن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان پولیس ہیڈکوارٹرز پیش ہوکر اپنا موقف پیش کریں۔ اپنے دفاع میں ثبوت بھی پیش کر سکتے ہیں۔ غیرحاضری کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔