پیغام اسلام کانفرنس آج، انتہا پسندی، دہشتگردی کیخلاف ہیں، پاکستان علماء کونسل
لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام پانچویں عالمی سالانہ پیغام اسلام کانفرنس آج اسلام آباد میں ہو گی، کانفرنس سے عالم اسلام کی اہم شخصیات اور پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، اہم سیاسی و مذہبی قائدین خطاب کریں گے، کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی، مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا ابو بکر حمید صابری، مولانا حفیظ الرحمن، مولانا حافظ ثاقب منیر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ہے، ہم وطن عزیز پاکستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مسائل کو باہمی مذاکرات سے حل کرنے کی اپیل کرتے ہیں، پاکستان علماء کونسل کے مرکزی مجلس شوریٰ و عاملہ فیصلہ کر چکی ہے کہ ہمیں تمام جماعتوں سے بات چیت کر کے مثبت سمت راستہ تلاش کرنا ہے۔ علاوہ ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے اپیل کی کہ عدالت عظمی کے ججزموجودہ آئینی بحران کی کیفیت کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھائیں،عالمی دنیا، اقوام متحدہ اوراوآئی سی کو کشمیر اورفلسطین کیلئے عملی اقدامات اٹھانا چاہیے۔پہلے عدلیہ کی طرف لوگ دیکھتے تھے ، سیاسی قائدین کی طرف دیکھتے تھے، آج مذاکرات کی ٹیبل پرکوئی بیٹھنے کیلئے تیارنہیں ہے۔