لاہور میں 2 بیوہ خواتین سے اجتماعی زیادتی‘ لڑکی بھی نشانہ
لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں تین خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں دو ملزموں نے بیوہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور خاتون کی برہنہ حالت میں ویڈیو بنالی ہے۔ ایف آئی آرکے مطابق بیوہ خاتون (ث)کے مرحوم شوہر کے دوست محمد بوٹا نے اسے شادی کا جھانسہ دے کر متعدد بار جنسی درندگی کا نشانہ بنایا۔ ملزم بوٹا نے ویڈیو واپس دینے کا بہانہ بنا کر شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں بلوا کر اپنے دوست کاشف علی کے ہمراہ اسلحہ کے زور پر اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ دوسرے واقعہ میں باغبانپورہ کے علاقے میں ملزم ارسلان نے (ص) نامی لڑکی کے گھر گھس کر زبردستی اس کو اپنے گھر لے گیا اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر فرار ہوگیا۔ تیسرے واقعہ میں اقبال ٹاؤن کے علاقے میں شوبز سے وابستہ بیوہ خاتون کو ملزمان نے اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایف آئی آر کے مطابق سرفراز، جمیل، شکیل، ندیم، جاوید اور تین نامعلوم ملزموں نے شراب کے نشے میں دھت ہو کر خاتون کو جنسی درندگی کا نشانہ بنایا ہے۔ پولیس تمام واقعات میں ملوث کسی ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کر سکی ہے۔