کچے میں آپریشن، ڈاکو ہلاک، 6گرفتار، آئی جی پنجاب کے قافلے پر حملہ، ہید کانسٹیبل زخمی
لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کچے کے علاقے سے خطرناک کریمنل گینگز اور مجرمان کا صفایا کرنے کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ آپریشن کے پہلے روز پولیس ٹیموں نے ڈاکوؤں کی متعدد کمین گاہوں کو تباہ کیا۔ ڈاکوؤں نے آئی جی پنجاب کے قافلے پر حملہ کیا اور پولیس ٹیم پر فائرنگ کی۔ جس سے آر پی او بہاولپور کا گن مین ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔ جسے ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد مزید بہتر نگہداشت کیلئے لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوا جبکہ 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کچہ آپریشن کا آغاز کرنے کیلئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور خود رحیم یار خان میں کچہ کے علاقہ میں پہنچے اور پولیس کے گرینڈ آپریشن کو خود لیڈ کیا۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے حکم پر شروع ہونے والے آپریشن کی قیادت خود کر رہا ہوں، آپریشن قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے باہمی تعاون سے شروع ہوا ہے۔ پنجاب سے دو ہزار جوانوں پر مشتمل نفری آپریشن کیلئے بھجوائی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 11 ہزار جوان آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ڈی پی او آفس رحیم یار خان میں آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او بہاولپور رائے سعید بابر اور ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس آپریشن کے لیے تمام سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں۔ کریمنلز دہشت گردانہ کارروائیوں میں بھی ملوث ہیں۔ ان کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے گا۔ یہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد بھی پولیس ان علاقوں میں حکومت اور قانون کی رٹ کے لیے موجود رہے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کچہ کے علاقے میں پولیس چوکیاں مکمل بحال ہوچکی ہیں جبکہ اندرونی علاقوں کو کلئیر کرانے کیلئے پیش قدمی جاری ہے۔ ریاست اور قانون کی رٹ کو بحال کیا جائے گا۔ آرپی او بہاولپور رائے بابر سعید، ڈی پی او رضوان عمر گوندل بھی آئی جیل پنجاب کے ہمراہ کچہ کے علاقے میں پہنچے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ کچہ آپریشن میں جدید اسلحہ اور بکتر بند گاڑیاں بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔ آپریشن میں حصہ لینے کے لئے پی سی سمیت دیگر اضلاع سے پولیس کی 5 ہزار سے زائد نفری رحیم یار خان روانہ ہو گئی ہے۔ پولیس کے تازہ دم دستے اگلے مورچوں پر آپریشنل کارروائیوں میں حصہ لیں گے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے خان پور میں ڈاکٹر کے دو بچوں کی بازیابی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور ٹیم کو 12 لاکھ روپے نقد انعام و تعریفی اسناد دینے اور ڈی پی او رضوان عمر گوندل کو میڈل کے لیے منتخب کرنے کا اعلان کیا۔