• news

وزیر آباد حملہ کیس کا مدعی‘ تفتیشی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا

لاہور+وزیر آباد ( نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کے  مقدمے  میں مدعی اور تفتیشی ایس ایچ او عامر شہزاد انتقال کرگئے۔ عمران  خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے  کے مقدمے کے مدعی ایس ایچ او عامر شہزاد انتقال کرگئے۔ ان کا انتقال ہارٹ اٹیک کے باعث ہوا ہے۔ عامر شہزاد ان دنوں ایس ایچ او صدر وزیر آباد تعینات تھے۔ ان کے بیان پر عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ سٹی وزیر آباد تھانے میں درج ہوا تھا۔ ایس ایچ او عامر شہزاد عمران خان حملہ کیس کا پہلا تفتیشی افسر تھا۔ عامر شہزاد کے کزن کا کہنا ہے کہ پولیس افسر کو گزشتہ روز گھر میں سینے میں تکلیف ہوئی تھی‘ انہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق عامر شہزاد بھدر کی نماز جنازہ  ان کے آبائی گائوں بھدر تحصیل  کھاریاں ضلع گجرات میں ادا کر دی گئی۔ مرحوم کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات‘ پولیس کے افسران‘ تاجر برادری‘ وکلائ‘ صحافیوں سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن