ملک کو حقیقی جمہوری راستہ پر ڈالنے کیلئے ڈائیلاگ ناگزیر ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کو حقیقی جمہوری راستہ پر ڈالنے کے لیے سیاسی جماعتوں کا ڈائیلاگ ناگزیر ہے۔ ماضی میں سیاسی جماعتوں کے تصادم کے نتیجہ میں غیر جمہوری قوتوں کو موقع ملا۔ شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام سٹیک ہولڈرزکا ایک پیج پر آنا ضروری ہے۔ 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت قوم کو اپنی ایک سال کی کارکردگی بتائے، گزشتہ 365 دنوں میں روپیہ کی حیثیت کاغذ کے ایک ٹکڑے کی سی رہ گئی ہے۔ ملکی تاریخ میں یہ تماشا پہلی دفعہ برپا ہوا کہ پارلیمنٹ اور عدالت کے درمیان کھل کر جنگ ہو رہی ہے۔ جنوبی ایشیا کے سبھی ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے۔ آج خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے اور نوبت یہاں تک آگئی کہ گزشتہ چند دنوں میں آٹے کے تھیلے کے لیے 20 لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔ قوم عدل و انصاف کی حکمرانی اور ترقی، امن اور خوشحالی کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تقریب تکمیل دورہ تفسیر قرآن سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ القرآن والحدیث مولانا محمد عبدالمالک، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ ساجد انور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے قرآن کریم سیکھنے اور سکھانے پر اساتذہ اور طلباء کو مبارکبا دی اور طلباء کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں قرآن و حدیث کی تعلیمات عام کریں اور معاشرے میں علم کا نور پھیلائیں۔