امریکہ نے جوہری گائیڈڈ میزائل آبدوز بحرین میں تعینات کر دی
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی بحریہ نے مشرق وسطی میں جوہری طاقت سے چلنے والی گائیڈڈ میزائل آبدوز تعینات کر دی ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی بحریہ کے کمانڈر ٹموتھی ہاکنز نے کہا کہ امریکہ نے فلوریڈا نامی آبدوز تعینات کی جو بحرین میں قائم امریکی پانچویں بحری بیڑے کی حمایت میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلوریڈا جمعرات کو خطے میں داخل ہوئی اور گزشتہ روز نہر سویز سے گزرکر بحری بیڑے میں شامل ہوگئی ہے۔ انہوں نے زید بتایا کہ اس آبدوز میں زمین پر حملہ کرنے والے ٹام ہالک۔154نامی کروز میزائل لے جانے کی صلاحیت ہے۔ امریکہ کا آبدوز کے مقام اور موجودگی کا اعلان کرنے والا عوامی بیان انتہائی غیر معمولی ہے کیونکہ امریکی فوج اپنی آبدوزوں کی کہیں بھی موجودگی کو تسلیم نہیں کرتی ہے۔