شاہدرہ: خطرناک اشتہاری ٹوپی گینگ کا سرغنہ مقابلے میں ہلاک
لاہور(نامہ نگار)شاہدرہ میں ڈولفن پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں درجنوں مقدمات میں مطلوب ڈاکو ہلاک ہو گیا ہے۔ڈولفن ٹیم نے سنیپ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل سوار 2 مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔انہوں نے رکنے کی بجائے ڈولفن ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کردی اورفرار ہوگئے۔ڈولفن اہلکاروں نے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری رکھا۔ ڈاکوؤں اور ڈولفن اہلکاروں میں پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں حمزہ نامی ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ ملزم حمزہ کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا، مگروہ جانبرنہ ہو سکا۔ ملزم ٹوپی نامی گینگ کا سرغنہ تھا۔