سندر: گھر سے ذہنی معذور ماں بیٹے کی تعفن زدہ نعشیں برآمد
لاہور‘سندر (نامہ نگار) سندر کی حدود میں نجی سوسائٹی میں موجود گھر سے ماں بیٹے کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ مرنے والوں کی پہچان 50 سالہ عظمی اور 23 سالہ عبداللہ کے نام سے ہوئی۔ اہل محلہ کے مطابق مرنے والوں کا ذہنی توازن درست نہ تھا اور عرصہ دراز سے نجی سوسائٹی میں رہائش پذیر تھے۔ پولیس و اہل محلہ کے مطابق 23 سالہ عبداللہ کی نعش ایمبولینس کی طرز کی گھر میں کھڑی گاڑی سے برآمد ہوئی جبکہ عظمیٰ کی گھر کے کمرہ سے ہوئی۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ نعشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق ماں بیٹے کی نعشیں 3 سے 4 روز پرانی ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں کی موت زہریلی چیز کھانے سے ہوئی ہے۔ بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بیٹے کی موت پر ماں عظمیٰ نے خود کو گھر میں بند کر لیا اور ذہنی صدمے سے بھی مر گئی یا پھر گولیاں کھا کر خودکشی کی ہے۔