مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے محاصرے اور تلاشی آپریشن جاری، ایک نوجوان شہید
سری نگر + جموں (کے پی آئی + اے پی پی) بھارتی فوج نے مقبوضہ ضلع پونچھ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔بھارتی فوج نے نوجوان کو ضلع کے جنگلاتی علاقے میں تلاشی کارروائی کے دوران شہید کیا۔فوج کی ایک بھاری نفری نے جنگلی علاقے کو پوری طرح سے سیل کرکے تلاشی آپریشن شروع کر رکھا ہے ۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع پونچھ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے ضلع کے علاقے شاہ پور کا محاصرہ کیااورگھرگھر تلاشی لی۔بھارتی فورسز نے علاقے کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیے ہیں۔ جموں و کشمیر میں مسلم لیگ نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کئے بغیرجنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمند تعبیر نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو کسی بھی صورت میں پس پشت نہیں ڈالا جاسکتا کیونکہ اس مسئلے کے حل کے بعد ہی بھارت کے ساتھ دیگر مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ ایک بیان میںانہوں نے نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سیدعاصم منیر کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے تنازعہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قرارداوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر زوردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں اورکھربوں روپے مالیت کا نقصان برداشت کیاہے ۔ترجمان نے کہاکہ مائوں اوربہنوں کی بے حرمتی اور لاکھوں نو جوانوں کی گرفتاریاں اورنظربندیاںجیسی عظیم قربانیاں صرف بھارتی قبضے سے آزادی کے لئے دی گئی ہیں۔