تربت ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن 5 ماہ کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ
کراچی (کامرس رپورٹر) سول ایوی ایشن نے 5 ماہ کیلئے تربت ایئر پورٹ پر رات کے اوقات میں فلائٹ آپریشن بند رکھنے کا فیصلہ کیاہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے)کی جانب سے جاری نوٹم میں تمام ایئرلائنز کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ 25 اگست تک تربت ایئرپورٹ پر رات کے اوقات میں فلائٹ آپریشن بند رہے گا۔سی اے اے کے مطابق فیصلہ تربت ایئرپورٹ کے اپ گریڈیشن کام کے باعث کیا گیا ہے، دن کے اوقات میں ایئرپورٹ پروازوں کی آمد و رفت کیلئے کھلا رہے گا۔تربیت ایئرپورٹ رقبے کے لحاظ سے بلوچستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے، جو شہر سے 5 کلو میٹرجنوب کی جانب واقع ہے۔تربت ایئرپورٹ سے 1970 میں فلائٹ آپریشن کا آغاز ہوا تھا، مقامی حکومت اور سی اے اے نے 2009 میں بین الاقوامی معیار کو یقینی بنانے کیلئے ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن کی تھی، جس میں نیا لائونج اور کنٹرول ٹاور شامل تھے۔