• news

کراچی‘ بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 2 دہشت گرد گرفتار

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیاہے۔ترجمان رینجرزکے مطابق خفیہ اطلاع پرکراچی پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم ٹی ٹی پی کے دو سرغنہ گرفتار کر لئے، جن کی شناخت محمد کمال خان اور عبدالقادر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق چند روز قبل کراچی کے ایک تاجر نے درخواست دی تھی کہ اسے افغانستان اور پاکستان کے مختلف نمبرز سے کالز کرکے بھتے کی ڈیمانڈ کی جا رہی ہے، جس پر صدر، منگھو پیر اور بنارس میں کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان افغانستان میں موجود کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد افسر خان عرف ارشد کی ہدایات پر شہر میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ترجمان کے مطابق ملزمان کراچی کے مقامی تاجروں کے موبائل نمبرز افغانستان میں افسر خان عرف ارشد کے ساتھ شیئر کرتے تھے، بھتہ وصول کرکے افغانستان بھجواتے اور بھتہ نہ دینے والوں کو قتل یا زخمی کر دیتے تھے۔ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ ملزمان نے کراچی کے 5 تاجروں کے نمبرز افغانستان شیئر کرنے، بھتہ کی پرچیاں دینے اور دو تاجروں کو بھتہ نہ دینے پرقتل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔رینجرز نے ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے جب کہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن