• news

پرویز اشرف آج آئین پاکستان 1973 کی یادگار کا سنگِ بنیاد رکھیں گے

اسلام آباد(نا مہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف آج ڈی چوک اسلام آباد میں آئین پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کے آغاز پر آئین پاکستان 1973 کی یادگار کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔قومی اسمبلی میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ آئین پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے پریس کانفرنس بھی کریں گے جس کے بعد وہ اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاس کے سبزہ زار میں یادگار شہدا جمہوریت کا دورہ کریں گے۔بعد ازاں اسپیکر راجہ پرویز اشرف اور اراکین پارلیمنٹ قومی اسمبلی میں 1973 کے آئین کی منظوری کے وقت لی گئیں تصویری نمائش دیکھیں گے اور قومی اسمبلی ہال کے سامنے آئین پاکستان کے مسودے کا تفصیلی جائزہ بھی لیں گے۔ اس کے بعد شرکا اسپیکر کی سربراہی میں  یادگاری ڈاک ٹکٹ اور  آئین کے اصل مسودے اور دیگر اہم دستاویزات کا معائنہ بھی کریں گے۔  تقریبات کا اختتام مرکزی اسمبلی ہال میں قومی دستوری کنونشن میں ہوگا جس میں اراکین پارلیمنٹ اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ کنونشن کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی کریں گے۔  وزیراعظم میاں شہباز شریف، چیئرمین مشاورتی کمیٹی سینیٹر میاں رضا ربانی اور دیگر حاضرین آئین بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کریں گے اور آئین پاکستان اور اسکی اہمیت کے حوالے سے ظہار خیال بھی کریں گے۔  اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں، آئین پاکستان 1973 کی 50 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔آئین پاکستان وہ تاریخی دستاویز ہے جس نے ایک جمہوری اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد رکھی۔ 

ای پیپر-دی نیشن