نوازشریف سے عارف سندھیلہ‘ مہر لیاقت کی ملاقات‘ سیاسی صورتحال پر گفتگو
شیخوپورہ‘ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف سے شیخوپورہ کے ضلعی صدر محمد عارف سندھیلہ اور (ن) لیگ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مہر لیاقت علی خان نے لندن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں عارف خان سندھیلہ نے تنظیمی و سیاسی اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد اپنے بیان میں محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ پارٹی قائد میاں محمد نوازشریف کا دل اہل وطن کے ساتھ دھڑکتا ہے اور وہ پاکستان کی ترقی، عوامی خوشحالی کے داعی ہیں۔ ان کی قیادت ہی کا ثمر ہے کہ آج پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے اور ملکی مسائل و بحرانوں میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف جلد پاکستان لوٹیں گے اور پارٹی کی قیادت کریں گے۔ ان کے بغیر پاکستان کی سیاست نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ایک مذموم سازش کے تحت محمد نوازشریف کو سیاسی منظرنامے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی وہ کھل کر قوم کے سامنے آچکی ہے اور سازشی عناصر بھی بے نقاب ہو چکے ہیں جن کا قوم کڑا محاسبہ کرے گی۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مہر لیاقت علی نے لندن میں پارٹی کے قائد محمد نوازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر مہر لیاقت علی نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو اپنی وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ہونے والی ملاقات سے بھی آگاہ کیا اور ملاقات کی تفصیلات بتائیں اور پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد کے امور سے متعلق بھی پارٹی قائد کو آگاہ کیا۔