شمالی وزیرعستان اور سبی میں آپریشنز، 4دہشتگرد ہلاک، نائیک شہید
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں دو الگ الگ واقعات کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک جوان بھی شہید ہو گیا۔ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے ضلع رزمک میں فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے واقعہ میں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 1 دہشت گرد مارا گیا۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع ہنگو کے رہائشی 32 سالہ نائیک فضل جانان نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں جنوبی وزیرستان کے ضلع کرامہ میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک اور دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ ادھر سبی کے قریب مچ میں آپریشن کے دوران بھی 2 دہشت گرد ہلاک‘ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔