صدقة الفطر ہر مسلمان پر ادا کرنا فرض ہے:عبدالغفارروپڑی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا ہے کہ صدقة الفطر ہر مسلمان پر ادا کرنا فرض ہے،اس کی ادائیگی سے روزوں میں ہونے والی کمی کو تاہیوں کا ازالہ کردیتا ہے اور اس کے مستحق غرباء مساکین اور فقراء ہیں، اس کی ادائیگی رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی سے پہلے ہے ، نماز عید کے بعد اس کی ادائیگی صدقة الفطر نہیں بلکہ عام صدقہ ہوگا،اس کی ادائیگی بطور خوراک عام استعمال ہونے والی اشیاء سے فی کس ایک صاع کی ادا کی جائے گی جیسا کہ عہد رسالت میں یہ بطور خوراک استعمال ہونے والی اشیا سے ایک صاع ادا کیا جاتاہے،جس کا موجودہ پیمانے کے حساب سے اڑھائی کلو بنتا ہے گندم کا آٹا استعمال کرنے والے فی کس 400روپے چاول استعمال کرنے والے800/ فی کس بطور صدقة الفطر ادا کریں گے۔شرعی طور پر اعتکاف مردوخواتین مسجد میں ہی لازم ہے-جامعہ القدس میں افطار پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور نمازیوں پر تشدد نے مسلمانوں کے دلوں کو زخمی کردیا ہے مسلم حکمرانوں کو غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے میدان عمل میں نکلنا ہوگا حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی بربریت پر عالمی خاموشی انسانیت دشمنی ہے او آئی سی اور عالم اسلام کے حکمرانوں کو غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لئے عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔