رجیم چینج کے ایک سال میں عمران خان کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا : مسرت جمشیدچیمہ
لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ رجیم چینج کے ایک سال میں پی ٹی آئی اور عمران خان کی مقبولیت میں جتنا اضافہ ہوا ہے شاید اتنا اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا ، ایک سال میں پاکستانیوں نے فسطائیت ،مہنگائی، بیروزگاری، تباہی و بربادی ،لا قانونیت اور آئین شکنی کے سوا کچھ نہیں دیکھا ، اللہ کے شکر گزار ہیں کہ رجیم چینج کے بعد پاکستانی ہجوم سے ایک قوم بن گئے اور آج اپنے حقوق کےلئے کھڑے ہیں ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جو یہ سو چ رہے تھے کہ عمران خان کو حکومت سے نکالنے کے بعد پی ٹی آئی کی سیاست ختم ہو جائے گی انہیں اپنی چال الٹی پڑ گئی ہے ، حالیہ ایک سال میں تحریک انصاف اور عمران خان کو جتنی مقبولیت بڑھی ہے اس کی گزشتہ سالوں میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ عمران خان کی نیت صاف ہے اس لئے کروڑوں عوام دہائیوں سے حکومتیں کرنے والے چوروں اورلٹیروں کی بجائے اپنے شاندار مستقبل کی امید میں پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوروں کا ٹولہ سپریم کورٹ کے خلاف جس طرح سازش پر اتر آیا ہے یہ انتہا ہے اور اس کے انتہائی سنگین نتائج نکلیں گے ۔ حکمرانوں کو مشورہ ہے اب بھی وقت ہے کہ ہوش کے ناخن لیں اورسپریم کورٹ کے فیصلے کے سامنے مزاحمت کرنے کی بجائے انتخابات کی راہ ہموار کریں ۔