• news

سود کے خاندانی نظام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں:عبدالغفور راشد

لاہور(خصوصی نامہ نگار) نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ سود اللہ تعالی نے حرام قرار دیا ہے۔ سود میں نقصان اور خطرات بہت زیادہ ہیں۔ سود اخلاقی طور پربھی انسان کو تباہ کر دیتا ہے۔ انسان سنگدل، خودغرض اور بخیل ہو جاتا ہے۔السراج اسلامک ریسرچ سنٹر میں ہفتہ وار درس قرآن دیتے ہوئے انہوں نے کہا کے معاشرتی طور پر بھی سود افراط و تفریق پیدا کرتا ہے، امیر، امیر سے امیر تر اور غریب، غریب سے غریب تر ہوجاتا ہے ،جبکہ متوسط طبقہ ویسے ہی پس جاتا ہے۔ سود کے خاندانی نظام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ سود کے معاشی نقصانات بھی بہت زیادہ ہیں۔ حاجتمند قرض لیتا ہے، وہ واپس کرنے کی پوزیشن میں ہی نہیں ہوتا۔کیونکہ آئے روز کرنسی کی قیمت کم ہو جاتی ہے اور قرض لینے والا مزید مالی بوجھ کے نیچے آجاتا ہے۔کاروبار بڑھانے کے نیت سے سود لیتا ہے مگر مالی بوجھ پڑ جاتا ہے، کاروبار نہیں بڑھتا۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ کچھ لوگوں کا بے بنیاد دعویٰ ہے کہ سود کاروبار بڑھاتا ہے جبکہ اللہ تعالیٰ سود کو مٹاتا اور صدقات کو بڑھاتا ہے۔ سود اللہ اور اس کے رسول سے کھلی جنگ ہے۔لہٰذا سود کے خاتمے کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ اس کے لیے زکوة اور صدقات کو فروغ دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن