ورلڈکپ 2023 ء کیلئے 30 کھلاڑی ذہن میں ہیں : چیف سلیکٹر
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون الرشید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023ء کیلئے ذہن میں 30 کھلاڑیوں کے نام ہیں۔ نیوزی لینڈ کیخلاف 5 ون ڈے اور افغانستان کے خلاف 3 میچز کے علاوہ ایشیاکپ کے اہم مقابلے بھی ہمیں اپنی ورلڈکپ 2023ء کی ٹیم بنانے میں مدد دے گا، ہمارے پاس اب تجربات کا وقت نہیں آئندہ ٹورنامنٹس میں ہمیں اپنی مضبوط پلیئنگ الیون کھلانا ہوگی۔ ورلڈکپ کیلئے ذہن میں 30 کھلاڑی ہیں اور ہم انہیں مسلسل ٹیم کیساتھ منسلک رکھنے کا سوچ رہے ہیں، ٹیم منتخب کرنے کیلئے بابراعظم سے مشاورت کی ہے تاہم حتمی اعلان کیلئے ٹیم مینجمنٹ اور کوچز کا انتظار ہے۔بائولنگ اٹیک پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 50 اوور فارمیٹ میں انکی کارکردگی گرین شرٹس کو میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کریگی، اگر مڈل آرڈر کو مستحکم کرتے ہیں تو پاکستان کے پاس اپنی مضبوط باؤلنگ سے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیتنے کا موقع ہوگا۔