عمران کی بغاوت مقدمہ خارج کرنے کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد‘ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے +این این آئی‘ نیٹ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تھانہ رمنا میں درج بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کیلئے کل مقرر کر دی گئی۔ عمران خان نے درخواست میں مو¿قف اپنایا کہ سیاسی مخالفین کی ایما پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ مقصد ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ جب کرپشن کا کوئی کیس نہ ملا تو جعلی مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اعتراضات کے ساتھ درخواست پر سماعت کریں گے۔ وفاقی پولیس نے عمران خان کو 9 مختلف مقدمات میں تفتیش کیلئے آج اور کل (منگل‘ بدھ) 11 اور 12 اپریل کو طلب کر لیا۔ عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے سی ٹی ڈی سمیت 9 تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔ ان مقدمات میں تفتیش کیلئے وفاقی پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے عمران خان کو 2 مقدمات میں آج اور 7 کیسز میں کل 12 اپریل کو بلایا ہے۔ شامل تفتیش ہونے کیلئے نوٹسز بھجوا دیئے ہیں۔