• news

کوئٹہ میں 2 دھماکے ، 2 پولیس اہلکاروں ، خاتون سمیت 4 شہید ،19 افراد زخمی 


کوئٹہ‘ کراچی‘اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ نوائے وقت رپورٹ‘نمائندہ خصوصی)کوئٹہ میں پولیس کی گاڑیوں کی قریب 2دھماکوں کے نتیجے میں2پولیس اہلکاروں ‘ خاتون سمیت 4افراد شہید جبکہ 19زخمی ہوگئے۔ اردگرد کی دکانوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق پیر کو کوئٹہ کے علاقے شارع اقبال قندھاری بازار میں پولیس کی گاڑی کے قریب زوردار دھماکہ ہوا۔ کلثوم دختر حمیداللہ، میثم عباسی، محمد شعیب اور حکمت اللہ جاں بحق جبکہ 15افراد دلبر خان، نثار، محمد رمضان، لعل محمد، نصیب اللہ، جان محمد، حارث، میر گل، خالد، داد محمد، سحر سیدہ، معصومہ، احمد، یعقوب اور نور الدین زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکا ایس پی انو سٹی گیشن صد ر ڈویژن نصیر الحسن شاہ کی گاڑی کے قریب ہوا تاہم وہ گاڑی میں موجود نہیں تھے ۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکھٹے کر لئے اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ جبکہ کوئٹہ کے علاقے منیر مینگل روڈ پر نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے نصب ایس ایچ او سریاب احسان اللہ مروت کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ چار افراد محمد شہزاد، حبیب اللہ، امین اللہ، رحیم زخمی ہوگئے تاہم دھماکے سے ایس ایچ او سریاب احسان اللہ مروت اورانکا عملہ محفوظ رہا۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے دھماکہ میں پولیس اہلکاروں‘ شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اور نیئر بخاری نے بم دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں اور دو شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بازاروں‘ سکولوں اور ہسپتالوں سمیت شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا بربربیت ہے۔ سکیورٹی فورسز سمیت پوری قوم دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔



ای پیپر-دی نیشن