آئین سے انحراف، ادارے برباد عہد کریں اگلے 50 سال غلطیوں کا ازالہ کرینگے : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے 1973ءکے دستور کے50 سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آ ئیں عہد کریں کہ اگلے 50 سال ماضی کے 50 سال کی غلطیوں کا ازالہ ہوں گے، قوم کے دکھوں کا مداوا ہوں گے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ عوام کے حقوق اور ریاستی اداروں کے فرائض کی کتاب ہے، یہ اتحاد اور اتفاق کی ضامن، عدل و انصاف، مساوات اور آزادی کی ضمانت ہے۔ یہ وعدہ ہے اللہ تعالیٰ سے کہ حاکمیت صرف اس کی ہے۔ یہ اختیار عوام منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کریں گے۔ آئین سے انحراف پر ملک و قوم نے صدمے سہے، ناچاقی ونااتفاقی، محرومیوں، دہشت گردی، معاشی تباہی، مہنگائی کے عذاب جھیلے۔ انہوں نے کہا کہ آئین سے انحراف سے ادارے برباد ہوئے، عدل و انصاف کی جگہ ظلم نے لی۔ آئیں عہد کریں کہ اگلے 50 سال ماضی کے 50 سال کی غلطیوں کا ازالہ ہوں گے، قوم کے دکھوں کا مداوا ہوں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہر سال 10 اپریل کو قومی یوم دستور منایا جائے گا۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ 1973ءکے آئین کے پچاس سال پورے ہونے پر منعقدہ قومی آئین کنونشن میں وزیراعظم شہباز شریف کی پیش کردہ قرارداد منظور کر لی گئی۔ اس دن کو منانے کا مقصد ملک کے لئے آئین کی اہمیت، شہریوں کے حقوق، ریاستی اداروں کے فرائض سے عوام کو آگاہ کرنا ہے۔ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کنونشن نے آئین کی نصاب میں شمولیت کی قرارداد کی منظوری دیدی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے قرارداد پیش کی۔ قرارداد پیش کرنے سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سپیکر قومی اسمبلی، کمیٹی اراکین کو مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے پہلی مرتبہ باقاعدہ پارلیمان سے قراداد پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نصاب میں آئین، جمہوری اقدار، روایات اور دستوری نظام کو نصاب میں شامل کرنے جارہے ہیں۔