’’ گاڈ فادر‘‘ کی ہدایت پر شہباز شریف آئین سے کھلی بغاوت پر اتر آئے: پرویز الٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی سے چودھری ذوالفقار گھمن‘ چودھری وسیم رامے‘ عبداللہ یوسف وڑائچ‘ شجاعت نواز اجنالہ‘ مہر کاشف‘ مرزا عزیز بیگ‘ مظہر راں اور مرزا شمس بیگ نے ملاقات کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف آئین سے کھلی بغاوت کی راہ پر چل پڑے ہیں۔ شہباز شریف کو لندن سے حکومت کے ’’گاڈ فادر‘‘ براہ راست ہدایات جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی قائم رکھنے کیلئے پوری قوم چیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہے۔ نواز شریف کی عدلیہ کو نیچا دکھانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ ستم یہ ہے کہ ایک طرف آئین کی پچاس سالہ سالگرہ منائی جا رہی ہے‘ دوسری طرف اسی آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی آئین بنانے کا دعویٰ کرتی ہے تو اسے آئین توڑنے کی سازش میں شریک نہیں ہونا چاہئے۔