گوجرانوالہ، میاں چنوں‘ شیخوپورہ سے 12936 بوری چینی برآمد‘ بھاری جرمانے‘ گودام سیل
شیخوپورہ؍ گوجرانوالہ (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) میاں چنوں کے نواحی گاؤں میں سپیشل برانچ اور انٹیلیجنس بیورو کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر نے چھاپہ مارا، چینی کی 700 بوریاں برآمد ہوئی ہیں جو 4 گھروں سے ملی ہیں۔ ہزاروں روپے جرمانہ کر دیا۔ شیخوپورہ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے فیصل آباد روڈ بائی پاس رضا چوک کے قریب ایک گودام میں چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کی ذخیرہ کی گئی 5500بوری چینی پکڑ لی اور گودام کو سربمہر کر دیا ہے جبکہ گودام کے مالک حاجی عبدالرزاق کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ گکھڑ اور ایمن آباد موڑ پر گوداموں میں غیرقانونی طور ذخیرہ کی گئیں چینی کی 6736 بوریاں برآمد، گودام سیل، مقدمات درج کر کے، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل قبضہ میں لی گئی چینی کو ایکس مل ریٹ پر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد فروخت کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گکھڑ وزیر آباد میں اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد محمد سلیم آسی نے دو مختلف گوداموں پر چھاپے مارے، ایک گودام سے 9سو بوری جبکہ دوسرے گودام سے 2700 غیرقانونی طور پر سٹاک ڈکلیئر کئے بغیر ذخیرہ کی گئیں چینی کی بوریاں برآمد ہوئیں جبکہ تحصیل (صدر)کے علاقہ ایمن آباد موڑ میں بھی اسسٹنٹ کمشنر صدر میاں توصیف حسن نے بھی دو الگ الگ گوداموں سے بالترتیب 1200 اور 1936 بوریاں برآمد کیں، گوداموں کو سیل کر دیا ہے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ذخیرہ اندوزی ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج کروا دئیے گئے ہیں۔ گودام مالکان کو درج مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص سکندری نے بھی دال بازار سمیت دیگر علاقوں میں گوداموں کو چیک کیا۔